پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں شدید اربن فلڈنگ کے باعث ڈسٹرکٹ جیل کو خالی کر دیا گیا ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق، 1860 قیدیوں اور حوالاتیوں کو صوبے کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں چار روز قبل 400 قیدی منتقل کیے گئے تھے، جبکہ ہفتے کے روز باقی 1460 قیدیوں کو بھی دوسری جیلوں میں بھیج دیا گیا۔ قیدیوں کو جہلم، حافظ آباد، نارووال اور گوجرانوالہ کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل اختر بریار کے مطابق، جیل کے حساس مقامات پر پانی کی سطح بڑھنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔ ان کے مطابق، جیل کے چاروں اطراف اور اندر پانی موجود تھا، جس کے باعث منتقلی آپریشن مکمل ہونے میں 20 گھنٹے لگے۔
انہوں نے بتایا کہ جیل میں دو سے تین فٹ پانی داخل ہو گیا تھا جو بیرکوں تک بھی پہنچ گیا، جبکہ اب تک پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہو سکی کیونکہ روڈ لیول پر بدستور پانی موجود ہے۔