جی ٹی اے 6 میں 170 سے زائد جانور، جنگلی حیات کا وسیع نظام متعارف

جی ٹی اے 6 میں جرائم، گاڑیوں اور ایکشن کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کا ایک وسیع اور متحرک نظام بھی شامل ہوگا۔ گیم انفارمر کے مطابق گیم کی خیالی ریاست لیونیدا میں 170 سے زائد اقسام کے جانور موجود ہوں گے۔

گیم کی دنیا فلوریڈا سے متاثرہ لیونیدا میں ترتیب دی گئی ہے، جہاں شہری اور دیہی علاقوں کے علاوہ سمندری، آبی اور دلدلی ماحول بھی شامل ہوگا۔ مختلف علاقوں میں وہاں کے ماحول کے مطابق جانوروں کی الگ اقسام دکھائی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق گیم میں 60 سے زائد اقسام کے پرندے اور 30 سے زیادہ زمینی ممالیہ شامل ہوں گے، جبکہ مچھلیوں اور رینگنے والے جانوروں کی مختلف اقسام بھی نظر آئیں گی۔ جنگلی بلیوں، بندروں، وہیل، کچھوؤں اور جیلی فش سمیت کئی مخلوقات گیم کا حصہ ہوں گی۔

راک اسٹار کے نائب صدر مائیکل کین کے مطابق فلوریڈا کے متنوع حیوانی ماحول کو لیونیدا کے مختلف حیاتیاتی خطوں میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس میں دلدلی علاقے اور ایورگلیڈز بھی شامل ہیں۔

گیم میں بعض جانور نایاب، قابلِ دریافت یا افسانوی زمرے میں رکھے جائیں گے، تاہم راک اسٹار نے ابھی ان زمروں میں شامل مخصوص جانوروں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

جانوروں کی ظاہری شکل پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ان میں مختلف اقسام کے پر، بال اور کھال کے ساتھ روشنی منعکس کرنے، حیاتیاتی روشنی اور نیم شفاف جسم جیسی خصوصیات بھی دکھائی جائیں گی۔

کھلاڑی جانوروں کا مشاہدہ اور مطالعہ کرنے کے ساتھ چڑیا گھر بھی جاسکیں گے۔ گیم میں کیاکنگ، منی گالف، اسکوبا ڈائیونگ، بلیئرڈ، جم، اسٹریٹ اور آف روڈ ریسنگ، جیٹ اسکیئنگ اور دیگر سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔

مرکزی کردار جیسن اور لوسیا ان سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے، جبکہ بعض سرگرمیاں دونوں کرداروں کے باہمی تعلق کو آگے بڑھانے میں بھی مدد کریں گی۔

جی ٹی اے 6 میں جنگلی حیات پر توجہ راک اسٹار کی گیم ریڈ ڈیڈ ریڈیمپشن 2 میں جانوروں کے تفصیلی نظام کی یاد دلاتی ہے۔ گیم کی ریلیز 19 نومبر 2026 کو متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں