ناسا کے کیوریوسٹی روور کا مریخ پر بڑا سنگِ میل، 5 ہزار دن مکمل

ناسا کے کیوریوسٹی روور نے مریخ پر اپنی موجودگی کے 5 ہزارویں مریخی دن، یعنی سول، کی تکمیل کے موقع پر سرخ سیارے کی سطح کا ایک منفرد منظر محفوظ کرلیا۔

کیوریوسٹی اس وقت مریخ کی ایک ریتلی پہاڑی نما سطح پر موجود ہے، جسے سائنس دانوں نے ’چاکلیٹل‘ کا نام دیا ہے۔ روور نے اپنے نیویگیشن کیمروں سے مختلف اوقات میں اردگرد کے علاقے کے دو پینوراما ریکارڈ کیے۔

پہلی تصویر 30 اگست 2026 کو کیوریوسٹی کے 5000ویں سول کے دوران مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 56 منٹ پر لی گئی، جبکہ دوسرا پینوراما 2 ستمبر کو 5003ویں سول میں شام 5 بج کر 39 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔

زمین پر تصاویر موصول ہونے کے بعد دونوں مناظر کو یکجا کرکے مریخ کا ایک وسیع منظر تیار کیا گیا۔ تصویر میں صبح اور شام کے مناظر کو نمایاں کرنے کے لیے فنکارانہ طور پر بالترتیب نیلے اور زرد رنگ شامل کیے گئے۔

یہ تصویر پوسٹ کارڈ کے انداز میں تیار کی گئی ہے، جو کیوریوسٹی کی ماضی میں جاری کی جانے والی یادگار تصاویر سے مشابہ ہے۔
2012 سے مریخ پر موجود کیوریوسٹی مسلسل تحقیق کے ذریعے سائنس دانوں کو سیارے کی قدیم آب و ہوا، چٹانوں اور ماضی میں ممکنہ قابلِ رہائش ماحول کے بارے میں اہم معلومات فراہم کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں