پاکستان میں گوگل والٹ سروسز کا آغاز ،ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نیا دور

پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے ایک اور اہم سنگ میل کے طور پر، گوگل والٹ نے اپنی سروسز کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ جدید سسٹم صارفین کو کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرے گا، جس کے بعد ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ اس کے ذریعے نہ صرف رقم کی ادائیگی، بلکہ وصولی بھی ممکن ہو سکے گی۔

گوگل والٹ کیا ہے؟
گوگل والٹ، جسے ‘گوگل پے’ بھی کہا جاتا ہے، ایک جدید ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام ہے۔ اس سروس کے تحت صارفین اپنے بینک کارڈز، سفری ٹکٹس، پاسز اور آئی ڈیز کو والٹ میں محفوظ کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں آسانی سے استعمال کر سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ،اس نظام کے باعث پاکستانی شہریوں کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر رقوم کی منتقلی اور ادائیگیوں کا عمل مزید آسان اور محفوظ ہو جائے گا، جبکہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھی مدد ملے گی۔

یہ نظام کس طرح کام کرے گا؟
گوگل والٹ صارفین کو نہ صرف آن لائن ادائیگیوں، بلکہ اسمارٹ فونز کے ذریعے کنٹیکٹ لیس ٹرانزیکشنز کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ جدید سسٹم صارفین کے کارڈز کی تفصیلات کو خفیہ رکھتا ہے، تاکہ کوئی غیر مجاز شخص ان تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔
گوگل کی ایپ انکرپشن ٹیکنالوجی اور جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس ہے، جس کے باعث صارفین کے مالیاتی ڈیٹا کو محفوظ بنایا جاتا ہے۔ اگر کسی کا فون چوری بھی ہو جائے تو اس کے بینکنگ ڈیٹا تک رسائی مشکل ہوگی، کیونکہ اس کے لیے پاس ورڈ، فنگر پرنٹ یا فیس آئی ڈی تصدیق درکار ہوگی۔

گوگل والٹ کو کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے؟
سب سے پہلے صارفین کو گوگل پلے اسٹور سے گوگل والٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنی ہوگی۔اگر ان کا ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ پہلے سے گوگل اکاؤنٹ سے منسلک ہے تو وہ خود بخود والٹ میں ظاہر ہو جائے گااوراگر کوئی نیا کارڈ شامل کرنا ہو تو ایپ میں دستیاب آپشن پر جا کر کارڈ کی تفصیلات درج کریں اور تصدیق کے عمل کو مکمل کریں۔جیسے ہی تصدیقی عمل مکمل ہو گا، صارف گوگل والٹ کے ذریعے کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کے لیے تیار ہو جائے گا۔

کون سے بینک گوگل والٹ کے ساتھ منسلک ہوں گے؟
گوگل والٹ کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر بھی ہے کہ، کتنے بینک اور مالیاتی ادارے اس سروس کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اب تک سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق، پاکستان میں آٹھ بڑے بینکوں کے ساتھ ساتھ ایزی پیسہ اور جاز کیش بھی گوگل والٹ کے ساتھ جُڑ چکے ہیں جن میں بینک الفلاح( ویزا اور ماسٹر ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈ)، بینک آف پنجاب( ماسٹر کریڈٹ کارڈ)، فیصل بینک( ماسٹر ڈیبٹ کارڈ)، ایچ بی ایل(ویزا اور ماسٹر ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈ)، میزان بینک( ویزا اور ماسٹر ڈیبٹ کارڈ) یو بی ایل( ویزا اور ماسٹر ڈیبٹ کارڈ)،الائیڈ بینک( ویزا ڈیبٹ کارڈ)، جے ایس بینک (ویزا اور ماسٹر کارڈ) شامل ہیں۔

اضافی سہولیات کیا ہوں گی؟
گوگل والٹ صرف ادائیگیوں کے لیے محدود نہیں ہے، بلکہ اس کے ذریعے صارفین اپنے اہم دستاویزات، سفری پاسز، ایئر لائن بورڈنگ ٹکٹس اور دیگر اہم فائلز کو بھی محفوظ کر سکتے ہیں۔ اس سہولت سے لوگ نہ صرف اپنے مالیاتی امور کو ڈیجیٹل طریقے سے سنبھال سکیں گے، بلکہ دیگر سفری اور کاروباری کاموں میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں