اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی خصوصی نمائندہ فرانسسکاالبانیس پر ٹرمپ انتظامیہ نے پابندیاں لگا دیں

ٹرمپ انتظامیہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی خصوصی نمائندہ، فرانسسکا البانیس پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر کھلے عام تنقید کرتی رہی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ، مارکو روبیو نے اس فیصلے کو بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے لیے فرانسسکا البانیس کی حمایت سے جوڑا ہے۔ واضح رہے کہ، امریکہ اس سے قبل آئی سی سی کے بعض ججوں پر بھی پابندیاں عائد کر چکا ہے۔

مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ، البانیس نے امریکی یا اسرائیلی شہریوں کے خلاف مقدمات کی پیروی کے لیے براہ راست آئی سی سی کا ساتھ دیا، جو ان کے بقول امریکہ کی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے لیے خطرہ ہے۔ ان کے مطابق، فرانسسکا البانیس اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے طور پر کام کرنے کی اہل نہیں رہیں۔

ان اقدامات کے بعد امکان ہے کہ، فرانسسکا البانیس پر امریکہ آمد پر پابندی لگائی جائے گی اور امریکہ میں موجود ان کے مالی اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں۔

فرانسسکا البانیس نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں ان پابندیوں پر براہ راست تبصرہ تو نہیں کیا، تاہم انھوں نے لکھا کہ، وہ ہمیشہ کی طرح انصاف کے لیے پرعزم اور مضبوطی سے کھڑی ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے،الجزیرہ کے مطابق، انھوں نے ان امریکی اقدامات کو ’مافیا کے انداز کی دھمکیوں‘ سے تشبیہ دی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں