دفتر خارجہ نے کانگو میں پھنسے پاکستانیوں کی تفصیلات جاری کر دیں

دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں جمہوریہ کانگو میں پھنسے پاکستانیوں کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہائی کمیشن نے متاثرہ شہریوں کیلئے کھانے اور رہائش کا انتظام کرلیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمہوریہ کانگو میں حالیہ تنازعات میں اضافے کے بعد گوما شہر میں 150 کے قریب پاکستانی پھنسے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ کیگالی میں پاکستانی ہائی کمشنر نعیم اللہ خان کی کاوشوں سے روانڈا کے حکام نے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو روانڈا میں داخلے کی اجازت دیدی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اب تک 75 کے قریب پاکستانی کانگو سے روانڈا منتقل ہو چکے ہیں، کیگالی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن نے متاثرہ پاکستانیوں کی رہائش اور کھانے کا بھی انتظام کرلیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ، ہائی کمیشن پاکستانی کمیونٹی سے رابطہ کر رہا ہے تاکہ مشکل میں کسی دوسرے شہری کی شناخت ان تک پہنچ سکے اورآنے والے دنوں میں مزید پاکستانیوں کے بھی روانڈا منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہائی کمیشن عملہ ہر اس فرد سے رابطے میں ہے جس نے بھی ان سے مدد کی درخواست کی ہے، ہائی کمیشن سرحدی شہر بکاؤ میں بھی پاکستانی کمیونٹی تک پہنچ رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا ، کسی بھی متاثرہ پاکستانی کو مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہائی کمیشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں