پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے میٹ گالا 2025 میں اپنے روایتی لباس اور ثقافتی شان کے ساتھ شاندار انٹری دے کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔ اسٹائلش ڈیزائنر پربل گُرونگ کی رہنمائی میں دلجیت نے سفید کرتا، تہمت، اور جواہرات سے سجی پگڑی زیب تن کی، جسے گو لیچھا جیولز کا شاندار ہیروں والا ہار اور شیر کے سر والی کرپان مکمل کر رہے تھے۔ ان کا یہ دلکش انداز مہاراجہ بھوپندر سنگھ اور سکھ شناخت کو خراج عقیدت تھا۔
دلجیت نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے فخر سے لکھا: “میں ہوں پنجاب… میں اپنی پگڑی، اپنی ثقافت اور اپنی ماں بولی ‘پنجابی’ کو میٹ گالا لے آیا ہوں۔” ان کا یہ شاہانہ روپ نہ صرف سجی سنوری محفل میں منفرد نظر آیا بلکہ بھارت کی نمائندگی کرنے والے شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا جیسے بڑے ستاروں کے درمیان بھی دلجیت کا مقام الگ ہی دکھائی دیا۔