بھارتی ریاست بہار کے مختلف اضلاع میں شدید ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاست بھر میں شدید موسم کی صورتحال نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع نالندہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ سیوان میں 2 جبکہ کٹیہار، دربھنگہ، بیگوسرائے، بھاگلپور اور جہان آباد میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
ریاستی وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
دوسری جانب بھارت کے محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریاست کے کئی اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں شدید بارش، گرج چمک اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث پٹنا شہر میں 42.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی علاقے زیرِ آب آ گئے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔