بھارتی آئی ٹی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی کوفورج (Coforge) نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کے سپر انٹیلیجنس پارٹنر نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد مختلف کاروباری اداروں میں مصنوعی ذہانت کے نظام گروک (Grok) کو متعارف کرانا اور اسے کمپنیوں کے موجودہ کاروباری طریقہ کار اور سافٹ ویئر سسٹمز کا حصہ بنانا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کوفورج نے جمعے کو بتایا کہ وہ اس نیٹ ورک میں ’’ٹرانسفارمیشن پارٹنر‘‘ کے طور پر کام کرے گی۔ اس حیثیت سے کمپنی مختلف صنعتوں کی ضروریات کے مطابق گروک پر مبنی مصنوعی ذہانت کے خصوصی حل تیار کرے گی اور انہیں اپنے صارفین کے موجودہ نظام اور کام کے طریقہ کار میں شامل کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
اس منصوبے پر عمل درآمد کوفورج کے صارفین کے لیے مخصوص انجینئرنگ یونٹ ’’مومنٹم بلیو‘‘ (Momentuum Blue) کے ذریعے کیا جائے گا۔ یہ یونٹ انجینئرز اور اے آئی ایجنٹس پر مشتمل ٹیموں کو مختلف کاروباری اداروں کے ساتھ منسلک کرتا ہے اور ان کی کارکردگی کو طے شدہ کاروباری اہداف سے جوڑتا ہے۔
کوفورج کے مطابق اس شراکت داری میں اس کی مصنوعی ذہانت پر مبنی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کو جدید بنانے کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے گا، جن میں اس کا نیورون (Nuuron) انٹرپرائز اے آئی پلیٹ فارم بھی شامل ہے۔
کمپنی کے چیف اے آئی کمرشل آفیسر انوپ نائر نے کہا کہ سافٹ ویئر کو جدید بنانے، صارفین کی خدمات اور کاروباری ایپلی کیشنز سمیت مختلف شعبوں میں گروک کی ٹیکنالوجی کو عملی حل میں تبدیل کرنے کے لیے کوفورج اپنی صنعتی معلومات، انجینئرنگ مہارت اور ٹیکنالوجی کے استعمال کا تجربہ فراہم کرے گی۔
گروک کے مصنوعی ذہانت کے ٹولز میں چیٹ، تحقیق، تجزیہ، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، گفتگو پر مبنی خدمات اور تصاویر و ویڈیوز بنانے کی سہولتیں شامل ہیں۔ ان ٹولز کو کاروباری اداروں کے مختلف شعبوں میں استعمال کیا جا سکے گا۔
کوفورج کے مطابق اسپیس ایکس کا سپر انٹیلیجنس پارٹنر نیٹ ورک ان کمپنیوں کے لیے قائم کیا گیا ہے جو اپنے صارفین اور ممکنہ کاروباری شراکت داروں کے لیے گروک ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات اور خدمات تیار کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم کمپنی نے اس شراکت داری کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔