66 سالہ چینی خاتون کا سائیکل پر 100 ممالک گھومنے کا ارادہ

بیجنگ – چین سے تعلق رکھنے والی 66 سالہ ڈونگ جو، جو اب تک سائیکل پر تنہا 12 ممالک کا سفر کر چکی ہیں، انہوں نے پوری دنیا گھومنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈونگ جو نے حالیہ برسوں میں تین براعظموں کے 12 ممالک، بشمول کمبوڈیا، فرانس اور آسٹریلیا کا سفر کیا، اور اب انہوں نے مزید 88 ممالک دیکھنے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، “میرا خواب کم از کم 100 ممالک کا سفر کرنا ہے، یہ ایک ایسا جنون ہے جو ایک بار لگ جائے تو رکنا ممکن نہیں!”

وہ صرف چینی زبان بول سکتی ہیں اور دیگر ممالک میں بات چیت کے لیے موبائل ایپس پر انحصار کرتی ہیں۔ محدود بجٹ کے باعث اکثر پارکس، قبرستانوں یا اجنبی افراد کے گھروں میں قیام کرتی ہیں۔

ڈونگ جو کی سائیکلنگ کی کہانی 2013 میں شروع ہوئی، جب طلاق کے بعد وہ ڈپریشن میں مبتلا تھیں۔ ایک دن انہوں نے سائیکل سواروں کا ایک گروپ دیکھا اور محسوس کیا کہ یہ سواری انہیں نڈر اور خودمختار بنا سکتی ہے۔ ان کے بیٹے نے انہیں فولڈنگ سائیکل تحفے میں دی، جس کے بعد انہوں نے پہلی بار تبت کا سفر کیا۔ صرف 170 یوآن (چینی کرنسی) جیب میں لیے وہ روانہ ہوئیں۔ بعد ازاں، جنوب مشرقی ایشیا کا سفر کرنے کے لیے ایک سال تک بطور کلینر کام کر کے رقم جمع کی۔

ڈونگ جو نے ابتدائی طور پر دو دیگر سائیکل سواروں کے ساتھ سفر شروع کیا، مگر ویتنام میں ساتھیوں سے بچھڑ گئیں۔ خوش قسمتی سے انہیں ایک ایسا شخص ملا جو چینی زبان جانتا تھا، اور اس نے ان کی مدد کی۔ لیکن اس تجربے نے ان کی ہمت کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کر دی، اور وہ ویتنام، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، میانمار، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور فرانس سمیت مختلف ممالک کا تنہا سفر کر چکی ہیں۔

نیوزی لینڈ کا سفر کووڈ-19 کی وجہ سے مختصر ہونے کے بعد اب وہ ایک نئے ایڈونچر کے لیے تیار ہیں۔ وہ قازقستان سے متحدہ عرب امارات جانے کا ارادہ رکھتی ہیں، جس کے بعد مزید ممالک کی طرف بڑھیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں