متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں جاری 10 کروڑ ڈالر مالیت کی نایاب ہیروں کی نمائش میں ایک نایاب نیلا ہیرا مرکزِ نگاہ بنا ہوا ہے، جو اپنی دلکش رنگت، کمیابیت اور تاریخی اہمیت کے باعث شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے۔
معروف نیلام گھر سدبیز (Sotheby’s) کی جانب سے منعقدہ اس نمائش میں آٹھ انتہائی قیمتی ہیروں کو پیش کیا گیا ہے، جن کا مجموعی وزن 700 قیراط سے زائد ہے۔ لیکن سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہے جنوبی افریقا سے لایا گیا 10 قیراط کا نیلا ہیرا، جسے ماہرین اب تک دریافت ہونے والے "سب سے اہم نیلے ہیروں” میں شمار کر رہے ہیں۔
سدبیز کے مطابق یہ نایاب نیلا ہیرا رواں برس مئی میں نیلام کیا جائے گا، جس کی ممکنہ قیمت 2 کروڑ ڈالر تک لگائی جا رہی ہے۔
سدبیز کے شمالی امریکا، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں جواہرات کے سربراہ کوئگ بروننگ نے اس موقع پر کہا: "ہم نے ابوظبی کو اس نمائش کے لیے اس لیے منتخب کیا کیونکہ اس خطے کے لوگ جواہرات اور خاص طور پر ہیروں میں غیر معمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔”
یہ نمائش نہ صرف قیمتی جواہرات کے دلدادہ افراد کے لیے ایک شاندار موقع ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر ابو ظبی کو ایک ابھرتے ہوئے آرٹ اور لگژری مارکیٹ کے مرکز کے طور پر بھی اُجاگر کر رہی ہے۔ نایاب نیلے ہیرے کی موجودگی نے اس ایونٹ کو بین الاقوامی سطح پر بھی خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔