پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ،سینیٹر محسن نقوی نے حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ، حکومت اور ریاستی ادارے اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ، صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مذموم مہم کے پیچھے کون سی قوتیں کارفرما ہیں۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ، صدر سے استعفیٰ لینے یا آرمی چیف کو صدر بنانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ، ایسی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں، اور ان کا مقصد صرف اداروں اور قیادت کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ، صدر آصف زرداری کو مسلح افواج کی قیادت کے ساتھ باوقار اور مضبوط تعلق حاصل ہے، اور وہ اس جعلی پروپیگنڈے کے پیچھے چھپے چہروں سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کے مطابق، صدر زرداری نے واضح انداز میں کہا ہے کہ، وہ جانتے ہیں یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے، اس کے پیچھے مقصد کیا ہے اور اس کا فائدہ کسے پہنچے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ، آرمی چیف کی توجہ صرف پاکستان کے استحکام اور طاقت پر مرکوز ہے، نہ کہ کسی اور چیزپر۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ، جو عناصر ملک میں افراتفری پھیلانے کے لیے دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر بیانیہ تیار کر رہے ہیں، وہ جو کرنا چاہیں کر لیں، ہم پاکستان کے لیے جو کرنا ہوا ، کریں گے۔