اطلاعات آئی ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو کوچنگ کی ذمہ داری سے ہٹا کر نئی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ عاقب جاوید کی کوچنگ اور سلیکشن میں پاکستانی ٹیم کی چیمپینز ٹرافی میں ناقص کارکردگی پر بہت تنقید ہورہی ہے،ایک سپیشلسٹ سپنر کےساتھ کھیلنا ان کی تجویز اور پلان تھا، جو کہ بری طرح ناکام ہوا۔ وسیم اکرم ، وقار یونس ، راشد لطیف اور دیگر سابق کرکٹرز نے ٹیم کی سلیکشن اور پلان پر بہت تنقید کی ۔ تاہم عاقب جاوید مسلسل ٹیم سلیکشن کا دفاع کر رہے ہیں، ان کے خیال میں انہوں نے بہترین الیون کھلائی۔
عاقب جاوید کی جگہ قومی ٹیم کا فل ٹائم ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، عاقب جاوید کو ندیم خان کی جگہ قومی کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر بنایا جا سکتا ہے ، ندیم خان کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے مستعفی ہو گئے اور انہوں نے ملتان سلطانز جوائن کر لی ہے۔
یاد رہے کہ عاقب جاوید کا عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے معاہدہ ختم ہو گیا ہے، نومبر میں عاقب کو وائٹ بال اور دسمبر میں ریڈ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا۔چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے سفر کے اختتام کے ساتھ ہی عاقب جاوید کے عہدے کی معیاد بھی ختم ہو گئی ہے۔
اس کا بھی امکان ہے کہ عاقب جاوید کو قومی سلیکشن کمیٹی سے بھی فارغ کر دیا جائے گا، دیگر سلیکٹرز کے لیے بھی مشکل کھڑی ہوسکتی ہے۔