امن مشقوں کا انعقاد صرف پاکستان نہیں، بلکہ ایران کیلئے بھی بڑی کامیابی ہے: ایرانی بحریہ کمانڈر

ایرانی بحریہ کے کمانڈر، شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ، کراچی میں ہونے والی امن مشقیں 2025 دنیا کے تمام ممالک کے لیے ایک بڑا پیغام ہیں کہ، ہم سب مل کر میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنا سکتے ہیں اور بحری راستوں کی حفاظت کر سکتے ہیں۔

شہرام ایرانی نے  انقلاب ایران کی سالگرہ کے موقع پر ایرانی قونصل خانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا، جس میں پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر، ڈاکٹر رضا امیری مقدم، ایرانی قونصل جنرل، حسن نوریان، ڈپلومیٹک کور کے ڈین، وزیراعلیٰ سندھ، سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ، کامران خان ٹیسوری اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں کمانڈر ایرانی بحریہ نے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کو امن مشقوں اور امن ڈائیلاگ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ، پاکستان اور ایران وہ ممالک ہیں جو ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ،  ان مشقوں کا انعقاد صرف پاکستان کے لیے نہیں، بلکہ ایران کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، خطے کی جغرافیائی اور اقتصادی اہمیت بہت زیادہ ہے، کیونکہ دنیا کی 60 فیصد سے زیادہ تجارت اسی علاقے سے گزرتی ہے۔

دوسری جانب، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، انقلاب ایران دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کی کرن ہے، اور بانی انقلاب، آیت اللہ خمینی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ، ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کی کاوشوں کی بدولت پاکستانی تاجروں اور زائرین کو مزید سہولتیں حاصل ہو رہی ہیں، اور ان تعلقات کو مزید 100 فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ، سابق ایرانی صدر، ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والے معاہدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

تقریب سے ایرانی قونصل جنرل، حسن نوریان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ، انقلاب ایران کا دن ملکی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ،  46 سال قبل پہلوی حکومت کے خاتمے کے بعد ایک ایسا اسلامی نظام قائم کیا گیا، جہاں حکومت غیرملکی طاقتوں کو نہیں، بلکہ عوام کو جوابدہ بنائی گئی۔ انہوں نے اس انقلاب کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک ایران تعلقات پر بات کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ، دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور عوام کے دلوں میں یہ دوستی رچی بسی ہے۔توانائی، تجارت، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت کئی شعبوں میں تعاون جاری ہے اور اس تعلق کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

تقریب کا آغاز ایرانی قاری، پیران کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جنہوں نے سنہری الفاظ سے قرآن مجید کی خطاطی بھی کی۔ اس موقع پر ایرانی قونصل خانے کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا، جبکہ انتہائی نایاب اور قیمتی ایرانی قالین اسٹیج اور دیواروں پر آویزاں کیے گئے، جنہوں نے عمارت کی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں