ایئر کنڈیشنرکیسے کام کرتا ہے اور یہ ماحول پر کیسے اثرانداز ہوتا ہے؟

دنیا بھر میں موسمِ گرما کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق 2024 تاریخ کا سب سے گرم سال ثابت ہوا، اور 2025 بھی پیچھے نہیں۔ گرمی کی ایسی لہر میں ایئر کنڈیشنر (AC) اب صرف آرام یا آسائش کی چیز نہیں رہی بلکہ ایک بنیادی ضرورت بنتی جا رہی ہے۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں درجہ حرارت ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ جاتا ہے، وہاں ایئر کنڈیشنر انسان کی صحت اور زندگی کے لیے ایک سہارا بن چکا ہے۔

ایئر کنڈیشنر کا بنیادی کام کمرے کی گرمی کو باہر نکالنا اور ٹھنڈی ہوا اندر بھیجنا ہے۔ یہ ایک خاص گیس یا مائع (ریفرجیرنٹ) کے ذریعے کام کرتا ہے جو گرمی کو جذب کرتا ہے۔ جیسے ہی کمرے کی گرم ہوا ایئر کنڈیشنر کے اندر جاتی ہے، یہ گیس اس گرمی کو کھینچ لیتی ہے اور خود گیس کی صورت میں بدل جاتی ہے۔ پھر یہ گرم گیس باہر والے یونٹ میں جاتی ہے جہاں اس سے گرمی نکال دی جاتی ہے اور وہ دوبارہ مائع بن کر ٹھنڈی ہو جاتی ہے۔ یہ عمل بار بار دہراتا ہے اور کمرہ ٹھنڈا رہتا ہے۔

الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایئر کنڈیشننگ کا تصور نیا نہیں ہے۔ 1820 میں ایک برطانوی سائنس دان مائیکل فیراڈے نے دریافت کیا کہ گیس کو دبا کر اور پھر اسے بخارات میں تبدیل کر کے ٹھنڈک حاصل کی جا سکتی ہے۔ 1902 میں ولیس کیریئر نے پہلا جدید ایئر کنڈیشنر بنایا، جو ایک پرنٹنگ پریس کی نمی اور درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے کے لیے استعمال ہوا۔

1931 میں کھڑکی میں لگنے والا پہلا یونٹ تیار کیا گیا، جس کے بعد عام گھروں میں بھی ایئر کنڈیشنر آنا شروع ہوئے۔ بعد کے عشروں میں ان میں مزید بہتری آئی اور آج ہم توانائی بچانے والے، ڈیجیٹل، اور اسمارٹ کنٹرول والے جدید اے سی استعمال کر رہے ہیں۔

ایئر کنڈیشنر خریدتے وقت اس کی سائز کا صحیح انتخاب بہت اہم ہوتا ہے۔ اگر اے کمرے کے لحاظ سے چھوٹا ہو تو وہ اسے مؤثر طریقے سے ٹھنڈا نہیں کر پائے گا۔ اسی طرح اگر وہ بہت بڑا ہو تو کمرے کو جلد ٹھنڈا تو کر دے گا، مگر نمی کو مکمل طور پر ختم نہیں کرے گا، جس سے کمرے میں ایک غیر آرام دہ احساس پیدا ہو سکتا ہے۔ کمرے میں دھوپ آتی ہے یا نہیں، چھت کتنی اونچی ہے، وہاں کتنے لوگ رہتے ہیں اور کیا وہاں کمپیوٹر یا اوون جیسے گرم کرنے والے آلات موجود ہیں ،یہ تمام عوامل اے کا انتخاب کرتے وقت اہم ہوتے ہیں۔

ایئر کنڈیشنر کو صحیح طریقے سے استعمال کر کے نہ صرف اس کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ بجلی کے بل میں بھی کمی کی جا سکتی ہے۔ تھرموسٹیٹ کو بہت زیادہ نیچے رکھنے کے بجائے مناسب درجہ حرارت پر سیٹ رکھیں۔ فلٹر کو صاف رکھیں تاکہ ہوا کی روانی بہتر ہو۔ بار بار ایئر کنڈیشنر کو آن اور آف کرنے سے پرہیز کریں، کیونکہ یہ مشین پر بوجھ ڈالتا ہے۔ باہر والے یونٹ کو سایہ دار جگہ پر لگائیں تاکہ وہ بہتر کارکردگی دکھا سکے۔ دن کے وقت پردے بند رکھنا سورج کی گرمی کو اندر آنے سے روکتا ہے۔ اگر پنکھا ساتھ چلایا جائے تو اے کا درجہ حرارت کچھ بڑھا کر بھی کمرہ ٹھنڈا محسوس ہو سکتا ہے، جس سے بجلی کی بچت ہوتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایئر کنڈیشنر گرمی سے تو نجات دلاتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ وہ ماحول کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ دنیا بھر میں تقریباً 7 فیصد بجلی صرف ٹھنڈک کے نظاموں پر استعمال ہو رہی ہے۔ 2022 میں ایئر کنڈیشنر اور پنکھوں کی وجہ سے تقریباً ایک ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ فضا میں شامل ہوئی، جو کہ ماحولیاتی تبدیلی میں بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، ایئر کنڈیشنر میں استعمال ہونے والی کچھ پرانی گیسیں ماحول کے لیے خطرناک ہوتی ہیں، جو اوزون کی تہہ کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اسی لیے اب ماحول دوست گیسز جیسے R-32 اور R-290 کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

اگر آپ کے پاس ایئر کنڈیشنر موجود نہیں یا بجلی کا خرچ بچانا چاہتے ہیں، تو آپ ایک سادہ سا گھریلو ایئر کولر بھی خود بنا سکتے ہیں۔ اس کے لیے ایک تھرماکول کا ڈبہ لیں، اس میں برف رکھیں اور اس پر ایک چھوٹا پنکھا لگا دیں۔ پنکھا برف کے ذریعے ٹھنڈی ہوا باہر نکالے گا۔ یہ عارضی حل ہے، مگر شدید گرمی میں وقتی راحت دے سکتا ہے۔

ایئر کنڈیشنر آج کے دور میں ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ لیکن اس کا استعمال سمجھداری سے کرنا چاہیے تاکہ نہ صرف ہم سکون سے جی سکیں بلکہ ہمارے اعمال سے ماحول کو بھی کم سے کم نقصان پہنچے۔ اگر ہم توانائی کی بچت کریں اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنائیں، تو ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور محفوظ دنیا چھوڑ سکتے ہیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں