بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان شامل نہیں کیے گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے اس سیریز کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ ان میں صاحبزادہ فرحان، عرفان خان نیازی، حسن علی، فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انجری سے صحت یاب ہونے والے صائم ایوب اور فخر زمان بھی اسکواڈ میں واپس آئے ہیں۔
اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب۔
واضح رہے کہ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ تینوں ٹی20 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جن کی تاریخیں 28 مئی، 30 مئی اور یکم جون مقرر کی گئی ہیں۔