پاک- بھارت کشیدگی کیا ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی دوستی کیلئے خطرہ ہو سکتی ہے؟

انڈیا کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرو ایتھلیٹ، نیرج چوپڑا نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ، پاکستان کے ارشد ندیم کے ساتھ ان کی دوستانہ تعلقات حالیہ سرحدی کشیدگی کے باعث متاثر ہو سکتے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گذشتہ چند برسوں میں حوصلہ افزائی اور احترام پر مبنی تعلق سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہوا، تاہم نیرج چوپڑا کا کہنا ہے کہ، موجودہ حالات میں یہ تعلق شاید پہلے جیسا نہ رہے۔

دوحہ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس ڈائمنڈ لیگ سے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیرج چوپڑا نے کہا کہ ،یہ (تعلق) ویسا نہیں رہے گا جیسا پہلے تھا۔اگرچہ ان کی ارشد ندیم سے کوئی بہت گہری دوستی نہیں رہی، تاہم دونوں ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرتے رہے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان گذشتہ ہفتے ایک مختصر لیکن شدید فوجی تصادم ہوا، جس کے باعث خطے میں مکمل جنگ کے خطرات پیدا ہو گئے تھے۔ اس کشیدہ صورتحال کے تناظر میں نیرج چوپڑا کو اس وقت سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جب یہ سامنے آیا کہ، انہوں نے 24 مئی کو ہونے والے ‘نیرج چوپڑا کلاسک’ جیولن تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کو مدعو کیا تھا۔ اگرچہ یہ دعوت کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے سے قبل دی گئی تھی، لیکن بعد ازاں نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کی شرکت کو ’ناممکن‘ قرار دے دیا، اور ایونٹ بالآخر ملتوی کر دیا گیا۔

ادھر ارشد ندیم نے یہ دعوت پہلے ہی مسترد کر دی تھی، یہ کہتے ہوئے کہ، وہ جنوبی کوریا میں 27 سے 31 مئی تک ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

دونوں ایتھلیٹس ماضی میں عالمی سطح پر ایک دوسرے کے مقابل آ چکے ہیں، جن میں 2023 کی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ بھی شامل ہے، جہاں نیرج چوپڑا نے گولڈ اور ارشد ندیم نے سلور میڈل جیتا تھا۔ اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ خوشی منائی اور باہمی احترام کا مظاہرہ کیا۔

جب ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے لیے ٹریک اینڈ فیلڈ میں تاریخ رقم کی، تو نیرج چوپڑا کی والدہ کا یہ کہنا کہ ‘ارشد بھی میرے بیٹے جیسے ہیں’ سرحد پار داد کا باعث بنا۔

تاہم حالیہ کشیدگی کے باعث یہ واضح نہیں کہ، دونوں ایتھلیٹس کب دوبارہ کسی ایونٹ میں آمنے سامنے ہوں گے، کیونکہ ارشد ندیم دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں حصہ نہیں لے رہے جبکہ نیرج چوپڑا نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین چیمپیئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں