آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد پاکستان بھر میں خوشی کا ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے، اور مختلف شہروں میں پاکستان فوج کے حق میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ بھارتی حملوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی پر عوام نے سڑکوں پر آ کر پاک فوج سے اظہارِ تشکر کیا۔
وفاقی دارالحکومت، اسلام آباد میں شہریوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی، جہاں پاک فوج کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور وطن سے محبت کے نعرے لگائے گئے۔
پنجاب کے ضلع، بہاول نگر میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی اور عوام نے اظہارِ تشکر ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے دوران ‘پاکستان زندہ باد’ اور ‘پاک فوج پائندہ باد’ کے نعرے گونجتے رہے، اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
فیصل آباد میں بھی شہری پاک فوج کی کامیابی پر جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے، خوشی میں مٹھائیاں بانٹیں اور ملک کے دفاع پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مریدکے میں سیاسی جماعت، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے عوامی ڈیرہ پر جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
سندھ کے دوسرے بڑے شہر، حیدرآباد میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر خوشی منائی، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
واضح رہے کہ، جمعے کی صبح پاکستان نے بھارتی حملوں کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص (سیسہ پلائی دیوار) کا آغاز کیا تھا، جس میں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کے ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئر بیسز، براہموس میزائل اسٹوریج، اور ایس-400 دفاعی نظام سمیت کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ان ایئر بیسز کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
بعد ازاں، پاکستان اور بھارت کے درمیان فوری اور مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا، جس کا اعلان امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر کیا۔ انھوں نے دونوں ممالک کو دانشمندی اور ہوش مندی کے مظاہرے پر مبارکباد بھی دی۔