دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں امراضِ قلب سرفہرست ہیں۔ ان بیماریوں کی بنیادی وجہ غیر صحت بخش طرزِ زندگی اور نامناسب غذا کا استعمال ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر غذا اور طرزِ زندگی میں بہتری لائی جائے تو دل کی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔
ذیل میں ماہرین کی تحقیق کی روشنی میں وہ 6 غذائیں پیش کی جا رہی ہیں جو دل کی صحت بہتر بنانے، سوزش کم کرنے، بلڈ پریشر اور نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں:
1۔ مچھلی
ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق چربی والی مچھلیاں جیسے سالمن، میکریل اور سارڈینز ہفتے میں کم از کم چار بار استعمال کی جائیں تو یہ مفید کولیسٹرول کی سطح بڑھا کر امراضِ قلب کے خطرے کو کم کر سکتی ہیں۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دل کی دھڑکن کی رفتار متوازن رکھتے ہیں اور شریانوں میں نقصان دہ مواد کے جمع ہونے سے بچاتے ہیں۔
2۔ جئی یا جو
پورے اناج، بالخصوص جئی یا جو، پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ہوتے ہیں جو خون میں شکر کی سطح کو مستحکم رکھتے ہیں اور سوزش کم کرتے ہیں۔ اس سے خون کی نالیوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات کو روکا جا سکتا ہے۔
3۔ پتوں والی سبزیاں
پالک، ساگ، دھنیا اور پودینہ جیسے سبز پتوں والی سبزیاں وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان میں فائبر کی مقدار زیادہ اور کیلوریز کم ہوتی ہیں، جو دل کی مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔ یہ سبزیاں بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔
4۔ زیتون کا تیل
زیتون کے تیل میں موجود صحت بخش چکنائی نقصان دہ کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو کم جبکہ مفید کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کو بڑھاتی ہے۔ روزمرہ کھانوں میں زیتون کے تیل کا استعمال دل کے امراض سے بچاؤ میں معاون ہو سکتا ہے۔
5۔ ٹماٹر
ٹماٹر پوٹاشیم اور لائیکوپین کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات رکھنے والا پھل نقصان دہ کولیسٹرول کو کم کرتا ہے، جس سے خون کی شریانیں صاف رہتی ہیں اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
6۔ گری دار میوے
بادام، اخروٹ اور پستہ جیسے گری دار میوے فائبر، صحت مند چکنائی اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں۔ مطالعات سے ثابت ہوا ہے کہ یہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لا کر دل کی بیماریوں کے امکانات کو کم کرتے ہیں۔ تاہم، ان کا استعمال اعتدال میں کرنا ضروری ہے۔