برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (MHRA) نے ملائیشیا کے ساتھ صحت، ادویات اور طبی تحقیق کے شعبوں میں ریگولیٹری تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کوالالمپور میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں ایم ایچ آر اے کے چیف ایگزیکٹو لارنس ٹیلن سمیت برطانوی حکام نے ملائیشیا کے وزیرِ صحت اور صحت، ریگولیٹری اور تحقیقی اداروں کے سینئر نمائندوں سے ملاقات کی۔ بات چیت میں ملائیشیا کی ادویات، صحت اور تحقیق کے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ادویات، میڈیکل ڈیوائسز اور کلینیکل ٹرائلز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے ماہرین کے تبادلے، ریگولیٹری معلومات اور بہترین طریقۂ کار کے اشتراک پر بھی اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے ابھرتی ہوئی طبی ٹیکنالوجیز پر مشترکہ کام، نئی ادویات اور آلات کی تیاری اور منظوری کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی، تاہم اس بات پر زور دیا گیا کہ حفاظت، معیار اور مؤثریت کے اعلیٰ معیار برقرار رکھے جائیں گے۔
برطانوی اور ملائیشین حکام نے تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے اگلے مراحل پر بھی اتفاق کیا، جن میں ماہرین کے درمیان مزید رابطے اور دونوں ممالک کی ٹیموں کے مشترکہ منصوبے شامل ہوں گے۔
ایم ایچ آر اے کے مطابق یہ پیش رفت جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے خطے میں ریگولیٹری شراکت داری مضبوط بنانے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد طبی جدت، تحقیق اور مریضوں کے لیے بہتر علاج کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔