حکومت پاکستان کی آئی ایم ایف کو اعلی سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کی یقین دہانی

حکومت پاکستان کی آئی ایم ایف کو اعلی سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کی یقین دہانی

آئی ایم ایف کے ساختیاتی معیارات (اسٹرکچرل بینچ مارک کے تقاضے ) کی تعمیل کے لیے حکومت کو فروری 2025 کے آخر تک سول سرونٹس ایکٹ میں ترمیم کرنی ہوگی اور پارلیمنٹ کی منظوری حاصل کرنی ہوگی تاکہ گریڈ 17 سے 22 کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے اثاثے ظاہر کیے جا سکیں۔

معروف صحافی اور ماہر معیشت مہتاب حیدر کی رپورٹ کےمطابق ا ٓئی ایم ایف کے گورننس اور کرپشن ڈائیگنوسٹک اسیسمنٹ کے تکنیکی مشن نے پیر کے روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ انسانی وسائل، انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل، بھرتی کے عمل، معاوضے اور دیگر متعلقہ امور پر ورچوئل بات چیت کی۔

آئی ایم ایف کی تجویز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کرپشن، سرخ فیتہ (بیوروکریٹک رکاوٹیں) اور کمزور کاروباری ماحول بنیادی مسائل بنے ہوئے ہیں۔ مختلف مفادات رکھنے والے گروہ حکومتی معاملات پر اثر انداز ہو کر اصلاحات کو روکنے یا ریورس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ تکنیکی مشن اپریل 2025 میں پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ اپنی رپورٹ مرتب کر سکے، جسے آئی ایم ایف پروگرام کے ساختیاتی معیارات کے طور پر جولائی 2025 کے آخر تک شائع کیا جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے اتفاق کیا ہے کہ سول سرونٹس ایکٹ میں ترمیم کرکے اعلیٰ سطحی سرکاری عہدیداروں کے اثاثوں (بشمول ان کے اور ان کے اہل خانہ کے نام پر موجود اثاثے) کو ڈیجیٹل طور پر فائل اور عوامی سطح پر قابلِ رسائی بنایا جائے گا، جس کے لیے ایف بی آر کے ذریعے مناسب رازداری کے تحفظات کے ساتھ ایک مضبوط فریم ورک تیار کیا جائے گا اور ایک واحد اتھارٹی کے ذریعے ان اثاثوں کی جانچ پرکھ کا بندوبست کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں