پاکستانی ٹینس سٹار شایان آفریدی کی شاندار کارکردگی

پاکستان کے جونیئر ٹینس سٹار شایان آفریدی نے آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 جیت لی۔

پاکستان کے شایان آفریدی نے کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہونے والی  آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 ویک1 ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ برائے ساؤتھ ایسٹ اینڈ ایسٹ ایشیا میں بھی کامیابی حاصل کر لی ۔

فائنل مقابلے میں شایان نے ٹورنامنٹ کے سیکنڈ سیڈ، سنگاپور کے نکولس منگ این کو 6-3، 6-7(3) 6-4 کے اسکور کے ساتھ شکست دے کر ویک1 کیلئے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسر پیرزادہ نے شایان کو اس کی غیر معمولی کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "شایان کی جیت ملک میں کھیلوں کے روشن مستقبل کا ثبوت ہے۔” انہوں نے اسپورٹس بورڈ کے ملک کے کھلاڑیوں کی حمایت اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ان کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے پاکستان 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا میں سہولت فراہم کرنے پر جناب یاسر پیرزادہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شایان آفریدی کو ناقابل یقین کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان میں ٹینس کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

ٹورنامنٹ میں راشد علی نے لڑکوں کے زمرے میں 32 شرکا میں سے 12 ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ لڑکیوں کے مقابلوں میں بسمل ضیا اور ہاجرہ سہیل نے بھی قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 کھلاڑیوں میں سے بالترتیب چھٹی اور ساتویں پوزیشن حاصل کی ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں