شہریوں کو عام ایندھن والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا ۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے حکومت نے عوام کیلئے بجلی کی قیمت کرنے اور انہیں الیکٹرک گاریوں پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا وفاقی کابینہ کے فیصلے جن کا عوام سے براہ راست تعلق ہوتا ہے ، ہم عوام کے سامنے پیش کرتے اس سال گردشی قرضے میں 12 ارب روپے تک کی کمی ہوئی ہے ، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا گزشتہ سال 240 ارب کا نقصان تھا جو رواں برس 170 ارب روپے تک رہا ، بورڈز کے غیر سیاسی اور بہترین گورننس کے ذریعہ قوم کو پہلے 5 ماہ کے دوران 53 ارب روپے کا فائدہ ہوا ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا، ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے لیے ہر جگہ پر چارجنگ اسٹیشنز دستیاب نہیں ، اس نئے کاروبار کی حوصلہ افزائی اور شہریوں کو سستا متبادل فراہم کرنے کیلئے حکومت چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد تک کمی کررہی ہے۔ الیکٹرک موٹر سائیکلز پر منتقل ہونے سے عوام کو فیول کی مد میں 77 فی صد تک کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل کیلئے 15 دن کے اندر پورٹل سے اجازت نامہ بھی مل جائے گا، اس سلسلے میں کسی بھی افسر سے بات نہیں کرنا پڑے گی ۔ اسی طرح بجلی کی قیمت 71 روپے سے کم کرکے 39 روپے پر لا رہے ہیں ۔ تاکہ بجلی کی کم قیمت چارجنگ اسٹیشنز کو ملنے کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنا سستا ہو۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا ، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کیلئے15 دن میں اجازت نامہ ای پورٹل کے ذریعے ملے گا اور لوگ کاروبار شروع کر سکیں گے۔ ملک میں ہر درجے کا ایک نیا کاروبار شروع ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر اسے بڑی پیش رفت سمجھتے ہیں جو اچھے ماحول کی جانب بڑا قدم ہو گی ۔ حکومت کا اقدام عام گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقلی کا بڑا موقع فراہم کرے گا۔