بنگلہ دیشی افواج کے پرنسپل سٹاف آفیسر ( پی ایس او ) لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن کی سربراہی میں بنگلہ دیشی وفد کا دورہ پاکستان جاری ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بنگلہ دیشی وفد نے سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے مشترکہ تربیتی اقدامات کے حوالے سے دونوں افواج میں شراکت داری بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور فریقین نے مشترکہ تربیت اور تعاون کی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں، ٹیکنالوجی اورمقامی طورپر تیار تکنیکی فریم ورک کو سراہتے ہوئے جدید فوجی ہارڈویئر جے ایف17 تھنڈرلڑاکا طیاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اہم ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینےکےعزم کی تکمیل ہو گی ۔
واضح رہے گزشتہ روز بنگلا دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے وفد کے ہمراہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔