بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ نے اپنی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ میں پاکستانی جاسوس کا کردار ادا کرنے اور ایک منظر میں ’پاکستان زندہ باد‘ کہنے سے متعلق سوال پر کہا ہے کہ بطور اداکار وہ وہی کرتے ہیں جو اسکرپٹ اور کردار کا تقاضا ہوتا ہے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق فلم کے ٹریلر کی تقریب میں آیوشمان سے پوچھا گیا کہ پاکستانی ایجنٹ کا کردار ادا کرتے ہوئے یہ جملہ کہنا ان کے لیے مشکل تھا یا نہیں۔ جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ اسکرپٹ کا حصہ تھا اور جاسوسی فلموں میں اداکار کو کردار کے مطابق مختلف چیزیں کرنا پڑتی ہیں۔
آیوشمان کھرانہ نے کہا کہ ’اڑتا تیر‘ ایک روایتی جاسوسی فلم نہیں بلکہ جاسوسی اور مزاح کو یکجا کرنے والی فلم ہے۔ ان کے مطابق وہ کسی بھی منصوبے میں سب سے پہلے اسکرپٹ دیکھتے ہیں اور پھر ہدایت کار کی ہدایات کے مطابق کردار ادا کرتے ہیں۔
فلم میں آیوشمان بلال احمد نامی ایک پاکستانی جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک مشن کے دوران بھارت پہنچتا ہے، مگر یادداشت کھو بیٹھتا ہے۔ یادداشت متاثر ہونے کے بعد وہ یہ بھول جاتا ہے کہ اس کا تعلق کس ملک سے ہے اور خود کو بھارتی سمجھنے لگتا ہے، اسی صورتحال سے فلم میں مزاحیہ واقعات جنم لیتے ہیں۔
فلم میں سارہ علی خان بھی آیوشمان کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ سارہ نے تقریب کے دوران کہا کہ آیوشمان کے ساتھ اس فلم میں ان کا کردار اور باہمی تعلق ان کی دوسری فلموں سے بالکل مختلف ہے، جس کی وجہ سے کام کرنے کا تجربہ بھی منفرد رہا۔