صدر مملکت آصف علی زرداری اور سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی ملاقات

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے ساتھ پارلیمانی تعاون اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کے دوران کیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعاون مزید مضبوط کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے پارلیمانی تعاون کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔

صدر مملکت نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین، لبنان اور شام کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد نے اپنے دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ ان کی پاکستان کی قیادت اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے صدر مملکت کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کیا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں