پاکستانی وفد کی امریکی جیل میں قید پاکستانی شہری عافیہ صدیقی سے ملاقات

وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر امریکہ میں پاکستانی وفد نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات 3 گھنٹے جاری رہی ۔ پاکستانی وفد میں سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر طلحہ محمود اور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر اقبال آفریدی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے پاکستانی کے مقامی خبر رساں ادارے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ملاقات کا مقصد ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ممکنہ قانونی اور سفارتی کوششوں کا جائزہ لینا تھا۔” اُنہوں نے مزید کہا کہ ” ہم نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقات کی، اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے صدر جو بائیڈن سے معافی کی درخواست کی۔”

پاکستانی سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے بتایا کہ “ڈاکٹر عافیہ کو اب انصاف ملنے کی امید ہے۔”سینیٹر بشریٰ کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے ملاقات کے دوران اُنہیں اپنی لکھی ہوئی ایک نظم بھی پڑھ کر سُنائی۔

ڈاکٹر اقبال آفریدی نے اس بات کا ذکر کیا کہ وفد نے امریکی حکام سے ملاقاتوں کے بعد اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے قبل ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں