مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ابوظہبی میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے سہولت اور رابطہ کاری کی نئی مہم شروع کر دی ہے۔
سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یو اے ای میں رہنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک آن لائن رجسٹریشن فارم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں ان سے فوری رابطہ کیا جا سکے اور ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔ پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فارم کے ذریعے اپنی معلومات درج کریں۔
سفارت خانے نے ابوظہبی اور دبئی میں سہولت ڈیسک بھی قائم کر دیے ہیں، جو چوبیس گھنٹے کام کریں گے۔ ان ڈیسکوں کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی شہریوں کو رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں، پروازوں کی منسوخی اور ہوائی اڈوں کی بندش کے باعث متحدہ عرب امارات میں ٹرانزٹ کے دوران پھنس جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے بھی الگ رجسٹریشن فارم جاری کیا گیا ہے۔ سفارت خانے نے ہدایت کی ہے کہ تمام ٹرانزٹ مسافر اپنی معلومات مکمل اور درست انداز میں فراہم کریں تاکہ متعلقہ حکام اور ایئر لائنز کے ساتھ رابطہ کر کے انہیں ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔
ایک روز قبل دفتر خارجہ نے بھی مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے کی صورتحال پر سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کرائسس مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی اہداف، جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے، پر حملوں کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ پیش رفت امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے اہداف پر مشترکہ حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جنہیں انہوں نے ’’پیشگی کارروائی‘‘ قرار دیا تھا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ صورتحال کے باعث خطے میں فضائی آپریشن متاثر ہوئے ہیں اور سفری نظام میں خلل پیدا ہوا ہے۔