بنگلادیش کی بے دخلی، پاکستان کا بھارت میچ بائیکاٹ کرنے کا امکان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی ردعمل پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس غیر متوقع فیصلے نے خطے کی کرکٹ سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس پر پی سی بی خاموش رہنے کے موڈ میں نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرتا بھی ہے تو وہ تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھے گا۔ ان میں سب سے نمایاں اور سنجیدہ آپشن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اندرونی حلقوں میں تفصیلی مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستان یہ میچ نہیں کھیلتا تو اسے صرف دو پوائنٹس کا نقصان ہو گا، تاہم اس فیصلے کی صورت میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ پاک بھارت میچ کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق قواعد و ضوابط کے تحت بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا آپشن موجود ہے، اسی لیے بورڈ قانونی، سفارتی اور انتظامی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان آج اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس معاملے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف اور ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے تمام پہلوؤں پر مشاورت کر رہے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق جو بھی فیصلہ کیا جائے گا، اس سے قوم کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں