مری، گلیات اور گرد و نواح میں برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ روز سے مری میں 18 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سترہ میل سے مری جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ مال روڈ سے جھیکا گلی ایکسپریس وے کے ذریعے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ اسی طرح مری مال روڈ سے کلڈنہ بازار کے راستے جی ٹی روڈ راولپنڈی جانے والی شاہراہ بھی بحال کر دی گئی ہے، تاہم ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہونے کے باعث رفتار سست ہے۔

جھیکا گلی سے پی سی بھوربن اور آزاد کشمیر جانے والی سڑک بھی کھول دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ایکسپریس ہائی وے سمیت تمام اہم شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام محکمے فیلڈ میں موجود ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہے۔ مری اور راولپنڈی کی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے جبکہ ریسکیو سمیت تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کے ایڈونچر سے دور رہیں۔ عوام کو موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط سے سفر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں