اسلام آباد میں پنجاب کے طرز پر بلدیاتی نظام متعارف کرانے کے لیے قانون سازی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ایک مرتبہ پھر مؤخر ہو گئے ہیں۔
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت دارالحکومت میں وارڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت جمعے کے روز ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس 2025 سے متعلق کارروائی کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست کے اجلاس کے فیصلوں اور آف گرڈ لیوی کے حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف دینے کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری انتہائی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی اور بڈنگ کا پورا عمل مکمل طور پر شفاف رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے خسارے میں چلنے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا عزم کیا تھا اور پی آئی اے کی نجکاری اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خسارے میں جانے والے سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر ڈالا ہے۔
شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے حوالے سے انتہائی مفید ثابت ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر خوشگوار گفتگو ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا