اسلام آباد میں “نیو ازبکستان” رہائشی کمپلیکس کے قیام پر غور

پاکستان اور ازبکستان شہری ترقی اور تعمیرات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں، جن میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں “نیو ازبکستان” رہائشی کمپلیکس اور پارک کی تعمیر بھی شامل ہے۔ یہ پیش رفت ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف اور پاکستانی کمپنی حبیب رفیق (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نمائندوں کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی، جس کی اطلاع ازبیک نیوز ایجنسی دونیو نے دی۔

رپورٹ کے مطابق دونوں فریقوں نے مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور طویل المدتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر تختیوف نے پاکستانی کمپنی کو ازبکستان کے سازگار سرمایہ کاری ماحول، خصوصی اقتصادی زونز کے کردار، ملک بھر میں تعمیر کیے جانے والے “نیو ازبکستان” رہائشی منصوبوں اور جاری “نیو تاشقند سٹی” پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس و کسٹمز مراعات، بڑے منصوبوں کے لیے انتظامی سہولت کاری اور ازبیکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

حبیب رفیق کے جنرل مینیجر اسلم ملک نے ازبکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک نے غیر ملکی سرمایہ کاروں خصوصاً تعمیرات اور انفراسٹرکچر کے شعبے کے لیے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔ ان کے مطابق آسان طریقہ کار اور کاروباری ضمانتوں میں اضافے سے عملی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان نے حالیہ برسوں میں شہری منصوبہ بندی، جدید رہائش اور انفراسٹرکچر کی تعمیر میں قابلِ قدر تجربہ حاصل کیا ہے، جس سے سیکھنے اور مستقبل کے منصوبوں میں شمولیت کی خواہش رکھتے ہیں۔

پاکستانی وفد نے ازبک حکام کو اپنے بڑے منصوبے “کیپیٹل اسمارٹ سٹی” سے بھی آگاہ کیا۔ اسلم ملک نے تجویز دی کہ کیپیٹل اسمارٹ سٹی میں “نیو ازبکستان” رہائشی بلاک اور پارک قائم کیا جائے، جبکہ ازبک کمپنیوں کو پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت بھی دی۔ مزید برآں، دونوں ممالک کے حکام کے باہمی دوروں کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں