قونصلر ثاقب علی کی قیادت میں پاکستانی سفارتخانے کے وفد کا سمر قند اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ،تعلیمی روابط پر تبادلہ خیال

پاکستانی سفارتخانے ازبکستان کے قونصلر ثاقب علی نے کمیونٹی اتاشی حماد طارق کے ہمراہ سمرقند اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی انتظامیہ نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کا مقصد تعلیمی ادارے اور پاکستانی سفارتخانے کے درمیان مستقل، مضبوط اور مؤثر روابط کو مزید فروغ دینا تھا۔

پرو ریکٹر ڈاکٹر فیروز، ڈین انٹرنیشنل فیکلٹی ڈاکٹر صابر جان، ڈاکٹر فرہاد اور چیئرمین تاشقند اردو ذبیح اللہ بلگن نے ملاقات کے دوران وفد کو یونیورسٹی کے تعلیمی ڈھانچے، انتظامی تعاون اور پاکستانی طلبہ کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو بتایا گیا کہ پاکستانی طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور روزمرہ مسائل کے حل کے لیے جامع نظام موجود ہے۔

ملاقات کے بعد قونصلر اور کمیونٹی اتاشی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انتظامیہ نے وفد کو مستقبل کے تعلیمی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔

دورے کے اختتام پر قونصلر ثاقب علی نے پاکستانی طلبہ سے خصوصی ملاقات کی، ان کے مسائل اور تجاویز سنیں اور یقین دلایا کہ پاکستانی سفارتخانہ طلبہ کے تعلیمی سفر میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ طلبہ کے جائز مسائل کے حل کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں