غیرملکی میڈیارپورٹس کےمطابق ایپل کمپنی اپنے فونز میں بھارتی سرکاری ایپ انسٹال نہیں کرے گی، ایپل کےحکام بھارتی حکومت کو اپنے خدشات سے آگاہ کریں گے۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھارت کی نئی ہدایات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت نے تمام موبائل کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے فونز میں ایک سرکاری سائبر سیکیورٹی ایپ پہلے سے انسٹال کریں۔ حکومت کے مطابق یہ ایپ چوری شدہ موبائل فونز کو ٹریک کرنے اور سائبر جرائم کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔
حکام نے کمپنیوں سے یہ بھی کہا ہے کہ صارفین اس ایپ کو اپنے فون سے ہٹا نہ سکیں، اور جو فون پہلے سے مارکیٹ میں موجود ہیں، ان میں بھی یہ ایپ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے شامل کی جائے۔
غیرملکی میڈیارپورٹس ایپل کا کہنا ہے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی ایسی ایپس زبردستی انسٹال نہیں کرتا، کیونکہ اس سے صارفین کی سیکیورٹی اور پرائیویسی پر اثر پڑتا ہے۔ کمپنی حکومت سے بات کرے گی لیکن اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج نہیں کرے گی۔
بھارت میں اپوزیشن پارٹیاں اور پرائیویسی کے حامی اس فیصلے پر ناراض ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ ایپ لوگوں پر نگرانی بڑھانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ پارلیمنٹ میں بھی اس معاملے پر بحث ہوئی، جہاں حکومت کو سوالات کا سامنا کرنا پڑا