کچن کا یہ عام مسالہ دل کی بیماری سے بچا سکتا ہے،تحقیق

ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچن میں عام پایا جانے والا مسالہ، سیاہ زیرہ، دل کی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ سیاہ زیرے کے استعمال سے خون میں کولیسٹرول کی سطح میں بہتری آتی ہے اور دل کے امراض کے خطرات کم ہو سکتے ہیں۔

اوساکا میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی قیادت میں کیے گئے کلینیکل ٹرائل میں ایسے افراد کو شامل کیا گیا جنہوں نے آٹھ ہفتوں تک روزانہ سیاہ زیرے کا استعمال کیا۔ ہر فرد نے روزانہ تقریباً پانچ گرام یعنی ایک چائے کا چمچ سیاہ زیرہ کھایا۔

نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ان افراد کے خون میں مضر کولیسٹرول (LDL) کی مقدار میں واضح کمی ہوئی جبکہ مفید کولیسٹرول (HDL) کی سطح میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ماہرین کے مطابق یہ تبدیلیاں دل کی شریانوں کو صحت مند رکھتی ہیں اور قلبی امراض یا فالج کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

تحقیق میں سائنسدانوں نے یہ بھی بتایا کہ خون میں LDL کی زیادہ مقدار شریانوں کو بند کر سکتی ہے، جس سے دل کی بیماری اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس تناظر میں سیاہ زیرہ جیسا قدرتی مسالہ دل کی صحت کے لیے فائدہ مند اور مؤثر سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ سیاہ زیرہ کو روزانہ کے کھانے میں شامل کرنا ایک آسان اور قدرتی طریقہ ہے جس سے دل کی حفاظت ممکن ہے اور جسم میں صحت مند کولیسٹرول کی مقدار برقرار رکھی جا سکتی ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں