وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (ایف آئی آئی) کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض پہنچ گئے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم ہاؤس کے مطابق شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونینِ خصوصی طارق فاطمی و بلال بن ثاقب بھی موجود ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف ریاض میں ہونے والی ایف آئی آئی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور اس دوران عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ دونوں رہنما عالمی اور علاقائی امور پر بھی گفتگو کریں گے