امریکا میں پاکستانی گلوکار، ادکار اور سماجی کارکن علی ظفر کو پاکستانی امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی کی جانب سے ’’کلچرل آئیکون ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں موسیقی، فنون لطیفہ اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ایوارڈ تقریب کے دوران منتظمین نے کہا کہ علی ظفر نے نہ صرف اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا بلکہ اپنی شخصیت اور کام کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ “فن ایک ایسی عالمی زبان ہے جو لوگوں کے دلوں کو جوڑتی ہے اور سرحدوں کی قید سے آزاد ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام کے ذریعے محبت، امن اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
علی ظفر نے اس موقع پر اپنی سماجی تنظیم علی ظفر فاؤنڈیشن کا بھی ذکر کیا، جو پاکستان میں تعلیم کے فروغ، ضرورت مند بچوں کی معاونت اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں علی ظفر کے گائے گئے مشہور بالی وڈ گانے “سَیّارہ” کے کور نے سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کی تھی، جس کے بعد ان کے فن کو بین الاقوامی سطح پر مزید پذیرائی ملی ہے۔