پاکستان کے سپریم جوڈیشل کونسل کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ججز کے خلاف دائر کی گئی 24 شکایات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 19 شکایات کو متفقہ طور پر خارج کر دیا گیا، جب کہ باقی 5 شکایات کو موخر کر دیا گیا ہے۔
یہ اجلاس چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس جنید غفار نے شرکت کی۔ جسٹس منصور علی شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق، اجلاس کے دوران سپریم جوڈیشل کونسل سیکرٹریٹ سروس رولز 2025 کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ ضابطۂ اخلاق میں مجوزہ ترامیم پر مزید قانونی غور کی ضرورت کا اظہار کیا گیا، جب کہ انکوائری کے طریقۂ کار پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کونسل نے آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر تمام شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اکثریت کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کر دیا۔ موخر کی گئی شکایات پر آئندہ اجلاسوں میں مزید غور کیا جائے گا۔