آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: انگلینڈ کے ہیری بروک بہترین بلے باز قرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس کی تازہ ترین پلیئر رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز کیٹیگریز میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ:
ایجبسٹن ٹیسٹ میں 158 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک نے ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز جو روٹ سے چھین لیا ہے۔ بروک 18 پوائنٹس کے فرق سے سرفہرست آ گئے ہیں جبکہ جو روٹ دوسرے نمبر پر چلے گئے۔

بھارتی کپتان شبمن گل نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں 269 اور 161 رنز کی دو شاندار اننگز کھیل کر کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس فہرست میں کین ولیمسن تیسرے، یشسوی جیسوال چوتھے اور اسٹیو اسمتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے وکٹ کیپر جیمی اسمتھ نے بھارت کے خلاف184 اور 88 رنز کی اننگز کھیل کر 16 درجے ترقی کے ساتھ دسویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آل راؤنڈرز میں بڑی پیش رفت:
جنوبی افریقا کے ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 367 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں 12 درجے بہتری حاصل کی اور تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ تاہم، رویندر جڈیجا بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں۔

بولرز رینکنگ میں استحکام:
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی، حالانکہ انہوں نے حالیہ سیریز میں آرام کیا۔ ان کے ساتھی بولر محمد سراج نے انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کے بعد چھ درجے ترقی حاصل کی اور 22 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

ون ڈے رینکنگ کی نمایاں جھلکیاں:
سری لنکا کی بنگلادیش کے خلاف 2-1 سیریز جیت کے بعد ون ڈے رینکنگ میں بھی بڑی تبدیلیاں سامنے آئیں۔
سری لنکن کپتان چارِتھ اسالنکا دو درجے بہتری کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ کوشال مینڈس نے 10 درجے ترقی کر کے دسویں پوزیشن حاصل کی۔

بولنگ میں وانیندو ہاسارنگا نے سیریز میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور 11 درجے بہتری کے بعد آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
ون ڈے بیٹرز کی ٹاپ فائیو رینکنگ یوں ہے:
1. شبمن گل
2. بابراعظم
3. روہت شرما
4. ویرات کوہلی
5. ڈیرل مچل (نیوزی لینڈ)

آئی سی سی کی تازہ درجہ بندی سے واضح ہے کہ حالیہ میچز کی کارکردگی نے کھلاڑیوں کی عالمی پوزیشنز پر نمایاں اثر ڈالا ہے، جبکہ نوجوان کرکٹرز تیزی سے ٹاپ رینکنگ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں