دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستانی ٹی ٹونٹی کرکٹ اسکواڈ میں کون کون شامل ہے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پچھلی سیریز کے مقابلے میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں سلمان علی آغا کو ایک بار پھر کپتان برقرار رکھا گیا ہے، جب کہ نائب کپتان کا تقرر اس بار نہیں کیا گیا۔

اس مرتبہ ٹیم سے پانچ کھلاڑیوں ، حسن علی، نسیم شاہ، شاداب خان، عرفان خان نیازی اور حارث روف کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، جب کہ چار نئے کھلاڑی ، سفیان مقیم، احمد دانیال، سلمان مرزا اور محمد نواز اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ گزشتہ سیریز میں 16 رکنی ٹیم میدان میں اتری تھی جبکہ اس بار 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔

سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہوں گے جو 20 سے 24 جولائی تک ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 20 جولائی، دوسرا 22 جولائی اور تیسرا 24 جولائی کو شیڈول ہے۔

اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے، جب کہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان کو سونپی گئی ہیں۔ پاکستان کی ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی جہاں سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف مجوزہ دورے کے لیے بھی تربیتی کیمپ کا آغاز بدھ سے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا، جس کے لیے کھلاڑی منگل کو رپورٹ کریں گے۔ کیمپ 15 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے بعد قومی ٹیم بنگلہ دیش جائے گی۔

بنگلہ دیش کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز یکم سے 4 اگست تک فلوریڈا میں کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے سیریز کے لیے ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو روانہ ہوں گی، جہاں 8 سے 12 اگست تک میچز منعقد ہوں گے۔

پاکستان اسکواڈ برائے بنگلہ دیش سیریز:
سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم۔

اپنا تبصرہ لکھیں