کرغیزستان کو شکست، ویمنز فٹ بال ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی

پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم نے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرغزستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

انڈونیشیا میں جاری ایشین کپ کوالیفائرز کے دوران پاکستان نے اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ کرغزستان کے خلاف میچ کے آغاز ہی سے قومی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور حریف ٹیم پر بھرپور دباؤ رکھا۔

میچ کے چوتھے منٹ میں مریم محمود نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنا پہلا بین الاقوامی گول داغا اور پاکستان کو ابتدائی برتری دلائی۔ بعد ازاں، 26ویں منٹ میں ایک بار پھر مریم محمود نے پنالٹی کک پر گول کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 0-2 کر دیا۔

کرغزستان کی ٹیم نے 69ویں منٹ میں پاکستان کے خلاف واحد گول کرنے میں کامیابی حاصل کی، تاہم اس کے بعد بھی پاکستان نے برتری برقرار رکھتے ہوئے فتح سمیٹ لی۔

اس جیت پر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں شرکت کی ہے اور ٹیم نے دو کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

قومی ویمن ٹیم نے اپنے ابتدائی میچ میں چائنیز تائی پے کے ہاتھوں شکست کھائی تھی، تاہم اس کے بعد انڈونیشیا کو 0-2 سے اور اب کرغزستان کو 1-2 سے شکست دے کر شاندار واپسی کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں