پاکستان نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں مالدیپ کو واضح برتری سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ میں پاکستان نے 35 کے مقابلے میں 60 گولز کیے، یوں پاکستان کی جیت نہ صرف فیصلہ کن رہی، بلکہ ٹیم کی مجموعی برتری کا بھی اظہار کرتی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق، ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی مسلسل فتوحات کی روایت کو برقرار رکھا۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر ثمین ملک اور سیکریٹری جنرل محمد ریاض نے کھلاڑیوں کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے لیئا رضا شاہ، علیشہ نوید، سمعیہ کوثر، حلیمہ، جیسمین فاروق، امانی، پریسا اور فرح رشید نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو 39 کے مقابلے 64 گولز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 11 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
گروپ ’اے‘ میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل تھے، جب کہ گروپ ’بی‘ میں پاکستان کے ساتھ جاپان، مالدیپ، جنوبی کوریا، چینی تائیپی اور سعودی عرب شامل تھے۔
یہ چیمپیئن شپ 27 جون سے 4 جولائی تک جاری رہی، جس میں پاکستانی ٹیم کی فتح نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔