فٹبال کلب لیورپول کےڈئیگو جوٹا اسپین میں کار حادثے میں جاں بحق، دنیائے فٹبال سوگوار

انگلش فٹبال کلب لیورپول اور پرتگال کی قومی ٹیم کے معروف فٹبالر، ڈئیگو جوٹا اپنے بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ اسپین میں ایک المناک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ واقعہ اسپین کے شمال وسطی علاقے زمورا میں پیش آیا، جہاں جمعرات کی شب ایک کار حادثے کا شکار ہوکر آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

علاقائی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، جائے وقوعہ سے 28 اور 26 سالہ دو افراد کی جلی ہوئی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم سرکاری سطح پر تاحال مرنے والوں کے نام جاری نہیں کیے گئے۔

لیورپول فٹبال کلب نے ڈئیگو جوٹا کی موت کو کلب کے لیے ایک ‘تباہ کن سانحہ’ قرار دیا۔ کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاکہ،کلب کو اطلاع ملی ہے کہ، 28 سالہ ڈئیگو جوٹا اسپین میں اپنے بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ،فی الحال کلب اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا اور ہم جوٹا کے اہلِ خانہ، دوستوں، ٹیم کے ساتھیوں اور عملے کے لیے پرائیویسی کی اپیل کرتے ہیں کیونکہ وہ ناقابلِ تصور نقصان سے گزر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ، ڈئیگو جوٹا کی شادی 28 جون کو ہوئی تھی۔ انہوں نے 2024-25 سیزن میں لیورپول کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھائی، جس کے نتیجے میں کلب نے انگلش پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ جیتا۔ انہوں نے پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے 49 میچز کھیلے اور دو مرتبہ یورپی یوئیفا نیشنز لیگ کا بھی حصہ رہے۔

پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ،ڈئیگو اور آندرے کی اچانک موت نے پوری پرتگالی فٹبال کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے۔

پرتگال کے وزیرِ اعظم، لوئس مونٹی نیگرو نے بھی نوجوان فٹبالر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ،ڈئیگو جوٹا ایک ایسا کھلاڑی تھا جس نے پرتگال کے نام کو عالمی سطح پر عزت بخشی۔ ان کی موت ایک ناقابلِ یقین سانحہ ہے۔

جوٹا کی موت پر نہ صرف پریمیئر لیگ، بلکہ دیگر یورپی لیگز اور دنیا بھر کے کلبز و کھلاڑیوں کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات سامنے آ رہے ہیں۔ نوجوان فٹبالر کی المناک موت کو دنیائے فٹبال کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں