انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی ہے، جس سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
بیٹنگ کے شعبے میں اس بار کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا۔ سعود شکیل درجہ بندی میں تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 19ویں پوزیشن پر چلے گئے۔ سابق نمبر ون بلے باز بابر اعظم، جو کچھ عرصہ قبل ٹاپ 5 میں شامل تھے، اب تنزلی کے بعد 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کے اہم رکن سلمان علی آغا اس وقت 33ویں نمبر پر ہیں، جب کہ اوپنر شان مسعود نے تین درجے بہتری کے ساتھ 44ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ دوسری جانب، بھارت کے ریشبھ پنت شاندار کارکردگی کی بنیاد پر چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، جن کے 801 ریٹنگ پوائنٹس ان کے کیریئر کی اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ رینکنگ میں انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ بدستور سرفہرست ہیں۔
بولنگ کے میدان میں بھی پاکستان کی پوزیشن میں واضح تنزلی ہوئی ہے۔ اسپنر نعمان علی ایک درجہ نیچے آ کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بولرز ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی نے بالترتیب 20ویں اور 21ویں پوزیشن پر اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
محمد عباس ایک درجہ بہتری کے ساتھ 26ویں، جبکہ نسیم شاہ بھی ایک درجہ اوپر آ کر 34ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ اسپنر ابرار احمد کی پوزیشن میں تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب 48ویں نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور بولنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے، آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز تیسرے اور ان کے ساتھی جوش ہیزلووڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔