جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان پیش آنے والے عسکری تنازع پر شہری پاکستانیوں کی اکثریت نے ایران کو نسبتاً کامیاب فریق قرار دیا ہے، جبکہ امریکہ اور بھارت کے کردار کو منفی نظر سے دیکھا گیا ہے۔ یہ انکشاف پلس کنسلٹنٹ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ سروے میں کیا گیا۔
سروے 24 سے 30 جون کے دوران ملک کے 12 شہری مراکز میں کیا گیا، جس میں مختلف عمر، جنس اور سماجی حیثیت کے حامل 1,100 سے زائد افراد سے ٹیلیفونک انٹرویوز کے ذریعے رائے لی گئی۔
سروے کے مطابق 61 فیصد شہریوں نے ایران اسرائیل جنگ میں دلچسپی ظاہر کی، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والے تنازعات پاکستان کے شہری حلقوں میں بھی گہری توجہ حاصل کرتے ہیں۔
جب شرکاء سے پوچھا گیا کہ وہ اس جنگ میں کس فریق کو کامیاب سمجھتے ہیں، تو44فیصد نے ایران کو کامیاب قرار دیا، 12 فیصد نے اسرائیل کو فاتح سمجھاجبکہ 45 فیصد نے جنگ کو بےنتیجہ قرار دیا۔
اس تنازعے میں پاکستان کے سفارتی اور سیاسی کردار کو 74 فیصد شرکاء نے مثبت قرار دیا۔ تاہم ان میں سے 27 فیصد کا ماننا ہے کہ پاکستان کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
سروے میں عوام نے مختلف عالمی طاقتوں کے کردار پر بھی اپنی رائے دی۔62فیصد شہریوں نے امریکہ کے کردار کو منفی قرار دیا،57 فیصد نے بھارت کے کردار پر بھی ناپسندیدگی ظاہر کی جبکہ چین کو 57 فیصد نے مثبت نگاہ سے دیکھا اور روس کے کردار کو 40 فیصد نے سراہا۔