پاکستان کے راشد نسیم نے اپنا 154 واں عالمی ریکارڈ فلسطین کے نام کر دیا

پاکستان کے صوبہ سندھ کےشہرکراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے معروف ایتھلیٹ راشد نسیم نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دنیا کے تیز ترین باکسنگ پنچ لگانے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

انہوں نے انگلینڈ کے جوشے لییالا کو شکست دے کر یہ عالمی ریکارڈ حاصل کیا، جو اس سے قبل تیز ترین باکسنگ پنچنگ ایکسپرٹ کے طور پر جانے جاتے تھے۔

راشد نسیم نے محض ایک منٹ میں 386 مرتبہ ہدف پر مکے مارے، جو جوشے لییالا کے 374 پنچز سے زیادہ ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ان کی کامیابی کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے اسے اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دیا ہے۔ راشد نے اپنا یہ 154 واں عالمی ریکارڈ فلسطینی عوام کے نام کیا۔

راشد نسیم دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں پنچنگ کیٹیگری میں سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس سے قبل وہ ایک گھنٹے میں 32,686 مکے مارنے اور ایک کلو وزن کے ساتھ ایک گھنٹے میں 24,000 سے زائد مکے لگانے جیسے کارنامے بھی انجام دے چکے ہیں۔

ان کا ایک اور ناقابلِ شکست ریکارڈ ایک منٹ میں ایک کلو وزن کے ساتھ 675 فل کانٹیکٹ پنچز، تین منٹ میں 1,896 اور تین منٹ ایک کلو وزن کے ساتھ 1,778 فل کانٹیکٹ پنچز پر مشتمل ہے ، جو تاحال دنیا میں کوئی اور توڑ نہیں سکا۔
حالیہ ریکارڈز میں، راشد نے ہاتھ میں انڈا تھام کر ایک ہاتھ سے 207 مکمل ایکسٹینشن پنچز مار کر ایک اور انوکھا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے علاوہ، ایک ہاتھ سے ایک کلو وزن کے ساتھ 163 فل ایکسٹینشن پنچز بھی انہی کے نام ہیں۔

راشد نسیم نہ صرف پاکستان، بلکہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ انفرادی عالمی ریکارڈ رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔ اب تک وہ اکیلے 126 سے زائد ریکارڈز پاکستان کے نام کر چکے ہیں، جب کہ بھارت کے 40 سے زیادہ ریکارڈ توڑ کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں