نیشنز ہاکی کپ: پاکستان نے فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار مقابلے کے بعد فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

یہ سنسنی خیز مقابلہ ملائیشیا کے دارالحکومت، کوالالمپور میں کھیلا گیا، جہاں میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے، تاہم پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔

دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے پہلا گول اسکور کیا اور 0-1 کی برتری حاصل کی۔ تیسرے کوارٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی کھلاڑی نے ایک اور گول داغ کر برتری کو 0-2 کر دیا، لیکن اسی کوارٹر کے 8ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے پاکستان کے لیے پہلا گول اسکور کیا۔

اسی کوارٹر کے 12ویں منٹ میں سفیان مقیم نے پنالٹی کارنر پر گول کیا، جبکہ اگلے ہی منٹ میں رانا وحید نے اپنا دوسرا گول کرکے پاکستان کو 2-3 کی برتری دلا دی۔

تاہم میچ کے آخری لمحات میں فرانس کے شارلٹ وکٹر نے گول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستان کے گول کیپر، منیب الرحمان نے لیوک ووڈ وکٹر، ٹینیوز ایٹینی اور ایسمینجوڈ زیویئر کے حملے ناکام بنا کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے افراز، شاہد حنان اور رانا وحید نے شوٹ آؤٹ میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔

دوسرے سیمی فائنل میں کوریا اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا، جس کے فاتح کا سامنا فائنل میں پاکستان سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں