قربانی کے گوشت کو زیادہ وقت کے لیے کیسے محفوظ رکھا جائے؟

عیدالاضحیٰ کے موقع پر سب سے بڑی فکر قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کی ہوتی ہے، تاکہ وہ کئی ہفتوں یا مہینوں تک تازہ حالت میں استعمال کیا جا سکے۔ خوش قسمتی سے، اگر گوشت کو درست طریقے سے ذخیرہ کیا جائے تو یہ کام بالکل بھی مشکل نہیں۔

فریزر میں گوشت محفوظ کرنا
گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے سب سے مؤثر طریقہ فریزر کا استعمال ہے۔ تاہم، اسے فریز کرنے سے پہلے چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ، گوشت کو ہوا سے محفوظ رکھا جائے۔ اس مقصد کے لیے فریزر کے لیے بنائے گئے پلاسٹک بیگز یا ایلومینیم فوائل استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اگر یہ دستیاب نہ ہوں تو ائیرٹائٹ کنٹینر مثلاً پلاسٹک جار یا مخصوص فریزر کین بھی کارآمد ہوتے ہیں۔

فریزر میں جگہ بچانے اور مؤثر منجمد کرنے کے لیے گوشت سے ہڈیاں الگ کر دینا بہتر ہوتا ہے، کیونکہ ہڈیاں زیادہ جگہ گھیرتی ہیں اور فریزر کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔

گوشت کے ٹکڑوں کے درمیان فریزر پیپر رکھنا چاہیے تاکہ وہ ایک دوسرے سے چپک نہ جائیں، اس سے استعمال میں آسانی ہوگی۔
اگر اسٹینڈ الون فریزر دستیاب نہیں تو عام فریج میں موجود فریزر کمپارٹمنٹ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جو نسبتا کم بجلی خرچ کرتا ہے۔

گوشت کتنے عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے؟
کچا گوشت فریزر میں 4 سے 12 ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
کچا قیمہ تقریبا3 ماہ تک صحیح حالت میں رہتا ہے۔
پکا ہوا گوشت 2 سے 3 ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ، فریزر کا درجہ حرارت 0 °F یا اس سے کم ہو۔

کولر کا استعمال
اگر فریج یا فریزر دستیاب نہ ہو، یا بجلی کا مسئلہ ہو تو واٹر کولر کا سہارا لیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے کولر کو برف سے بھرنا ہوگا۔

پہلے کولر کی تہہ میں برف رکھیں، پھر گوشت رکھ کر مزید برف سے ڈھانپ دیں۔ خیال رہے کہ ،گوشت کے اردگرد برف موجود رہے، اور برف پگھلنے پر نئی برف شامل کرتے رہیں۔

منجمد گوشت کو قابل استعمال کیسے بنائیں؟
اگر گوشت ائیرٹائٹ پیکنگ میں محفوظ کیا گیا ہو تو اسے ٹھنڈے پانی میں ڈال کر ڈی فروسٹ کیا جا سکتا ہے۔ ہر 30 منٹ بعد پانی تبدیل کرتے رہیں جب تک گوشت مکمل طور پر نرم نہ ہو جائے۔

پکانے سے پہلے گوشت کا رنگ اور بو چیک کریں۔ اگر رنگت ماند پڑ گئی ہو یا بو آئے تو اوپر کی سطح کاٹ دیں یا گوشت استعمال نہ کریں۔

نمک کے ذریعے گوشت محفوظ کرنا
یہ ایک قدیم اور آزمودہ طریقہ ہے۔ اس میں گوشت کو curing salt یعنی مخصوص محفوظ کرنے والے نمک سے مکمل طور پر ڈھانپ کر ائیرٹائٹ بیگ یا برتن میں بند کیا جاتا ہے اور 36 سے 40 فارن ہائیٹ درجہ حرارت والی ٹھنڈی جگہ پر ایک ماہ تک رکھا جا سکتا ہے۔ پکانے سے قبل گوشت سے اضافی نمک صاف کر لینا ضروری ہے۔

ان طریقوں پر عمل کر کے عیدالاضحیٰ کے گوشت کو طویل عرصے تک محفوظ اور محفوظ طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں