پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ساتھ منائی

عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی اایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے عید کی نماز بھی اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ ادا کی، اور بعد ازاں وطن کی ترقی، شہدا کے درجات کی بلندی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ایل او سی پہنچنے پر راولپنڈی کور کے کمانڈر نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی بلند حوصلگی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر معمولی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔



اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگلے مورچوں پر عید منانا، اہلخانہ سے دور رہ کر قومی فریضہ نبھانا سب سے بڑی قربانی ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل نے پاک فوج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اعادہ کیا اور کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج نے مؤثر اقدامات کے ذریعے پاکستانی شہریوں کے جانی نقصان کا بھرپور بدلہ لیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں