پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں شہری حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کر رہے ہیں۔
عید کا آغاز نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات سے ہوا، جو اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت تمام بڑے شہروں میں مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد کیے گئے۔ علمائے کرام نے خطبات میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل کی قربانی کے جذبے اور فلسفے کو اجاگر کیا۔ نماز کے بعد امت مسلمہ کی فلاح، ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں ایثار، محبت، بھائی چارے اور اتحاد جیسے رویوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنایا جا سکے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور قربانی و اتحاد کا جذبہ ہی ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی۔
بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں، اور عید قربانی، اتحاد اور غور و فکر کا مقدس موقع ہے۔ یہ موقع شہدا کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کا بھی دن ہے۔